۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
گلگت جامع مسجد

حوزہ/حجۃ الاسلام شیخ یعقوب بشوی نے کہا کہ بعثتِ رسول خاتم (ص) خاص الٰہی رہبروں کی تربیت کے لئے تھی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مرکزی جامع مسجد امامیہ گلگت پاکستان میں نماز جمعہ کے بعد ایک عظیم اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ڈاکٹر محمد یعقوب بشوی نے کہا کہ پیغمبرِ اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی الہی ذمہ داریوں میں سے ایک اہم ذمہ داری معاشرے کو الہی معاشرہ بنانا تھا اسی لئے آپ کی دو بعثتیں ہوئی: پہلی بعثت، عام بعثت ہے جس کی جانب سورۂ مبارکۂ جمعہ کی دوسری اور تیسری آیات اشارہ کر رہی ہیں جبکہ دوسری بعثت، خاص بعثت ہے جو کہ ذریت ابراہیم اور اسماعیل علیہما السلام میں ہوئی ہے جو نظام امامت پر واضح دلالت‌ کر رہی ہے اور دو معصوم نبی اللہ تعالیٰ سے اپنی ذریت میں امت مسلمہ کو قرار دینے کا مطالبہ کررہے ہیں۔

انہوں نے گلگت کی حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ گلگت شہیدِ ملت علامہ سید ضیاء الدین رضوی کا شہر ہے اس شہر کی گلیوں سے شہید مظلوم کے خون کی خوشبو آرہی ہے، لہٰذا ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ گلگت شہر کی فضاء کو پر امن رکھیں۔

بعثتِ رسول خاتم (ص) خاص الٰہی رہبروں کی تربیت کے لئے تھی، ڈاکٹر محمد یعقوب بشوی

ڈاکٹر بشوی نے شہید سید ضیاء الدین کی گراں قدر خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید نے پوری قوم کو بیدار کیا اور آپ پاکستان کے نصراللہ تھے۔ شہید کے فقدان کے بعد قائد ملت علامہ سید راحت حسین الحسینی دامت برکاتہ گلگت میں اپنا کلیدی کردار ادا کررہے ہیں اور اس سلسلے میں پوری قوم آپ کے شانہ بہ شانہ کھڑی ہے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس عظیم اجتماع میں قائد ملت علامہ راحت الحسینی سمیت متعدد علمائے کرام شریک تھے۔

مرکزی جامع مسجد امامیہ گلگت پاکستان کے خطیب اور قائد ملت علامہ سید راحت حسین الحسینی نے نمازِ جمعہ کا خطبہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ آج ہمارے درمیان بلتستان سے آئے ہوئے نامور علمی علماء جنہوں نے حوزہ علمیہ قم اور پورے پاکستان کی سطح پر اپنی علمی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے جناب آقائے حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ محمد یعقوب بشوی صاحب موجود ہیں۔ آپ نے موصوف کے بارے میں سنا ہوگا اگر میں ان کو مجتہد کہوں تو شاید بے جا نہیں ہوگا آپ چالیس سے زائد کتابوں کے مؤلف ہیں ان کے بیانات سے ہم استفادہ کریں گے۔

امام جمعہ جامع مسجد امامیہ گلگت نے علامہ یعقوب بشوی کی علمی سرگرمیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں حوزہ علمیہ قم میں گلگت بلتستان کی عظیم شخصیت قرار دیا اور مزید کہا کہ ڈاکٹر بشوی نے گلگت بلتستان کو حوزہ علمیہ قم کی سطح پر متعارف کروایا ہے۔ ہم ان کی اور ان کے ساتھ آئے ہوئے جناب حجۃ الاسلام والمسلمین سید محمد علی شاہ موسوی کی خدمت میں گلگت آمد اور نماز جمعہ کے اجتماع میں خوش آمدید عرض کرتے ہیں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .